پیر، 11-مئی،2026
پیر 1447/11/24هـ (11-05-2026م)

اسرائیل کا امریکہ پر فوجی انحصار ختم کرنے کا اعلان

11 مئی, 2026 08:50

اسرائیلی وزیراعظم نے امریکہ پر فوجی انحصار ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل سالانہ پونے چار ارب ڈالر کی امریکی امداد کو صفر پر لے آئے۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیل کی خارجہ اور دفاعی پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو امریکہ کی جانب سے ملنے والی تین اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر سالانہ کی فوجی امداد پر انحصار ختم کر دینا چاہیے۔

نیتن یاہو کے مطابق اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل اس امداد سے خود کو الگ کرے اور اگلے ایک عشرے کے دوران اسے صفر تک پہنچا دے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکہ میں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت میں کمی آئی ہے، جس کی بڑی وجہ ان کے بقول سوشل میڈیا کا بڑھتا ہوا استعمال ہے، جس نے اسرائیل کے خلاف بیانیے کو فروغ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے سے اسرائیل کو تشویش

انٹرویو کے دوران نیتن یاہو نے چین پر بھی سنگین الزامات عائد کیے اور کہا کہ بیجنگ نے ایران کو میزائل سازی کے مخصوص اجزاء اور دیگر تکنیکی مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹس سے یہ واضح ہے کہ چین ایران کو نئے فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ چین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

ایرانی ایٹمی پروگرام کے حوالے سے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ان کا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ تہران کے پاس موجود اعلیٰ سطح کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو تلف کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی کو ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے کسی بھی ممکنہ سمجھوتے سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔