جمعہ، 15-مئی،2026
جمعہ 1447/11/28هـ (15-05-2026م)

روس کا جدید ترین زیرِ آب ڈرون نرپا تیار، بندرگاہوں اور پائپ لائنوں کی نگرانی ممکن

15 مئی, 2026 11:56

روس نے سمندری دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے سیل مچھلی کی ساخت والے نرپا نامی جدید زیرِ آب ڈرون متعارف کرایا ہے،جو دشمن کے غوطہ خوروں اور چھوٹی آبدوزوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

روس نے سمندری حدود اور حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے نرپا نامی زیرِ آب ڈرون کو جنگی بیڑے کا حصہ بنانے کی تیاری کر لی ہے۔

یہ ڈرون روسی سرکاری ادارے روسٹیک اور ماکو کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جسے پہلی بار فوجی نمائش 2018 میں پیش کیا گیا تھا۔

اس ڈرون کی سب سے بڑی خاصیت اس کی ساخت ہے، جو بالکل ایک سیل مچھلی جیسی ہے، جس کی وجہ سے یہ سمندر کے نیچے دشمن کی نظروں میں آئے بغیر جاسوسی اور دفاعی فرائض سرانجام دے سکتا ہے۔

تین کلو گرام وزنی یہ ڈرون پچاس میٹر کی گہرائی تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مسلسل چار گھنٹے تک کام کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : چینی اور روسی بحریہ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ کے پاس جدید آبدوزوں کی شدید کمی

اس کی ایک اور اہم خوبی یہ ہے کہ یہ آرکٹک جیسے شدید سرد علاقوں میں بھی مکمل فعال رہتا ہے، جہاں مغربی ممالک کے غوطہ خوروں کے لیے کام کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔

یہ ڈرون ہائی ریزولوشن سونار سسٹم سے لیس ہے، جو سمندر کی تہہ کی واضح تصاویر اور معلومات فراہم کرتا ہے۔ مستقبل قریب میں اس ڈرون کو 26 راؤنڈ والی زیرِ آب رائفل اور دھماکہ خیز مواد سے بھی لیس کیا جائے گا تاکہ یہ دشمن کے غوطہ خوروں اور چھوٹی آبدوزوں کو فوری نشانہ بنا سکے۔

یہ ڈرون سورم موڈ یعنی جھنڈ کی صورت میں بھی کام کر سکتا ہے، جس کے ذریعے کرچ برج، بحری اڈوں، گیس پائپ لائنوں اور انٹرنیٹ کیبلز کا مکمل دفاع ممکن ہوگا۔

پیٹرولنگ بوٹس سے اسے اسی میٹر کے فاصلے تک ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے، جس سے دفاعی صلاحیت کئی گنا بڑھ جائے گی۔

روسی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ نرپا کی تعیناتی کے بعد دشمن کے لیے روس کی سمندری تنصیبات کو نقصان پہنچانا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔