منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

اقوام متحدہ کا اسرائیل سے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور جنگی جرائم فوری روکنے کا مطالبہ

19 مئی, 2026 09:15

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ اور مغربی کنارے میں عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کرتے ہوئے جنگی جرائم اور نسل کشی کا ارتکاب کیا ہے، تل ابیب کو فوری طور پر یہ کارروائیاں روکنے کا حکم دیا ہے۔

اقوام متحدہ نے اسرائیل سے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے اقدامات کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے سمیت تمام فلسطینی علاقوں میں جاری نسل پرستانہ اخراج اور زمینوں پر قبضے کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی مئی 2025 تک غزہ میں اسرائیلی فوج کے طرز عمل کی تحقیقات پر مشتمل رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے عالمی انسانی قوانین کی ایسی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، جو کئی مقامات پر واضح طور پر جنگی جرائم اور دیگر سفاکانہ انسانی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔

اقوام متحدہ اور نسل کشی کے ماہرین کی عالمی تنظیم سمیت متعدد تحقیقاتی اداروں نے یہ واضح کیا ہے کہ غزہ کی چھوٹی سی پٹی پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ درحقیقت ایک منظم نسل کشی ہے، جہاں غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک تقریباً 73 ہزار فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ امدادی مشن پر اسرائیلی فوج کا حملہ، سعد ایدھی سمیت 500 سے زائد رضاکار گرفتار

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ تھا کہ وہ اپنے یرغمالیوں کی واپسی اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، لیکن ان کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی اکثریت کا قتل سراسر غیر قانونی اور جنگی جرم تھا۔

اکتوبر 2023 میں حماس کے حملوں کے بعد شروع ہونے والی یہ جنگ گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد عارضی طور پر رکی تھی، لیکن اس کے باوجود اسرائیلی فوج نے سخت سیکیورٹی نظام برقرار رکھا ہوا ہے اور گزشتہ سات ماہ میں سینکڑوں مزید فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔

مانیٹرنگ اداروں نے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ پر اسرائیلی بمباری میں تیزی آئی ہے اور مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاروں اور فوج کے پرتشدد چھاپوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلیٰ کمشنر وولکر ترک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نسل کشی کے اقدامات کو روکے، بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی گھروں کو واپسی یقینی بنائے اور فلسطینی علاقوں پر اپنا غیر قانونی قبضہ فوری ختم کرے۔

رپورٹ میں حماس اور دیگر مسلح گروپوں کی جانب سے بھی کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ اجیت سنگھائے نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جنگ بندی سے کوئی احتساب عمل میں نہیں آیا اور نہ ہی اس طویل قبضے کا خاتمہ ممکن ہو سکا ہے، جس کی وجہ سے اسرائیلی فوج اور آباد کار بلا خوف و خطر معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔