مجوزہ معاہدے میں واضح لکھا ہے کہ ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران واقعی ڈیل کرنے میں سنجیدہ ہے، معاہدہ میں تفصیلی طور پر لکھا ہے کہ ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری تنازعے اور مجوزہ معاہدے پر تنقید کرنے والے ڈیموکریٹس اور ریپبلکن اراکین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران واقعی ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور وہ اس معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تہران کے ساتھ جو بھی معاہدہ طے پائے گا وہ امریکہ اور اس کے ساتھ کھڑے تمام ممالک کے لیے بہترین ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کے استعفے کی خبروں کی تردید
امریکی صدر نے سی این این کی رپورٹنگ کو جھوٹی خبر قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ معاہدے کے مسودے میں تہران کے ایٹمی پروگرام کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ اس معاہدے میں بہت واضح اور تفصیلی طور پر لکھا ہے کہ ایران کبھی ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا اور مسودے کا بیشتر حصہ اسی معاملے پر مشتمل ہے۔
انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ جب سیاسی حریف مسلسل شور مچاتے ہیں اور متضاد مشورے دیتے ہیں تو ان کے لیے بات چیت کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے پرسکون رہیں کیونکہ آخر کار سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












