لبنان پر اسرائیل کی ہولناک بمباری جاری، اسکول پرنسپل سمیت 4 شہری شہید

لبنان پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی ڈرون حملوں اور شدید شیلنگ میں اسکول پرنسپل سمیت 4 شہری شہید ہو گئے۔
لبنان پر اسرائیل کے ہولناک فضائی اور زمینی حملے بدستور جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اسرائیلی ڈرون نے نبطیہ الفوقا میں اساتذہ کے ادارے کی طرف جانے والی سڑک پر ایک کار کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسکول کی پرنسپل ایسپرانزا غندور سمیت 4 معصوم شہری شہید ہو گئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی ڈرونز نے بنت جبیل کے علاقے براشیت پر بھی شدید حملہ کیا، جبکہ سرحدی علاقوں میں توپ خانے سے گولہ باری اور مشین گنوں سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کے جنوبی لبنان پر مزید فضائی حملے، جنازے پر بھی وحشیانہ فائرنگ اور گولہ باری
اسرائیلی فوج نے حدّاثہ میں قبرستان کی طرف زمینی پیش قدمی کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد حدّاثہ اور قریبی علاقے بیت یحون پر یکے بعد دیگرے کئی فضائی حملے کیے گئے۔
جنوبی لبنان کے علاقوں قنطره، دیر سریان اور تولین میں بھی شدید شیلنگ کی گئی، جبکہ سرحدی قصبوں قصیر، قبریکھا اور حولا کے بیرونی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ان مسلسل حملوں کی وجہ سے 6 لاکھ سے زائد لوگ جنوبی لبنان میں اپنے گھروں کو واپس لوٹنے سے محروم ہیں اور اسرائیلی فوج بنت جبیل جیسے شہروں کو تباہ کرنے کی ویڈیوز شیئر کر رہی ہے۔
لبنانی حکومت کے سروے کے مطابق 90 ہزار سے زائد گھر تباہ یا متاثر ہو چکے ہیں، جن کی دوبارہ تعمیر پر ایک ارب ڈالر سے زائد کا خرچہ آئے گا۔ عالمی برادری نے امداد کو حزب اللہ کے نہتے ہونے سے مشروط کیا ہے، جسے تنظیم نے مسترد کر دیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












