اتوار، 12-جولائی،2026
اتوار 1448/01/27هـ (12-07-2026م)

امریکا کے ایران پر تیسری بار فضائی حملے، متعدد شہروں میں دھماکے

12 جولائی, 2026 08:47

امریکی فوج نے ایران پر تیسری بار بڑے فضائی حملے شروع کر دیئے، جس کے بعد پورے خلیجی خطے میں شدید کشیدگی پھیل گئی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق ایران پر تیسری بار فضائی حملے امریکی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 15 منٹ پر شروع کیئے گئے۔

امریکا کا دعویٰ ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے قبرص کے ایک تجارتی کنٹینر جہاز پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد یہ فضائی کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایرانی حملے کی وجہ سے قبرص کے جہاز میں آگ لگ گئی، اس کے انجن روم کو شدید نقصان پہنچا اور عملے کا ایک رکن لاپتا ہو گیا۔

امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کو پہلے بھی تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد معاہدے پر عمل کرنے کا موقع دیا گیا تھا، لیکن اس نے مفاہمتی یادداشت کی پاسداری کا موقع گنوا دیا۔ اس کارروائی کا مقصد ایران کی بحری حملوں کی صلاحیت کو کمزور کرنا اور ملاحوں کا تحفظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کا اہم پیغام

دوسری طرف ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ صوبہ خوزستان کے دارالحکومت اہواز میں پولیس ہیڈکوارٹر پر فضائی حملہ ہوا ہے، جبکہ صوبے کے 3 شہروں ہندیجان، ماہشہر اور آبادان پر بھی دشمن کے میزائل گرے ہیں۔

اس کے علاوہ بندر عباس، سیریک، چابہار، کنگان، دیر اور جاسک میں 10 سے زائد دھماکے سنے گئے ہیں۔ بوشہر کے علاقے ریشہ میں فوجی بیرکوں اور بندر دیر میں فوجی چوکی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین میں امریکی اڈوں سے بوشہر کی طرف میزائل داغے گئے ہیں۔

اس صورتحال کے بعد قطر نے سیکیورٹی الرٹ ہائی کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی طرف سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ خطے میں صورتحال جنگ جیسی ہو چکی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔