جمعہ، 14-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

امریکہ کے ایران پر مسلسل تیسری رات بمباری، ایران کے بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں پر جوابی حملے

14 جولائی, 2026 09:28

امریکی افواج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر مسلسل تیسری رات ایران پر شدید فضائی حملے کیے ہیں، جس کے جواب میں ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی اڈوں سمیت متحدہ عرب امارات کے تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر مسلسل تیسری رات ایران کے مختلف شہروں، فوجی ٹھکانوں اور بندرگاہوں پر شدید فضائی اور میزائل حملے کیے۔

امریکی سیکیورٹی حکام کے مطابق اس 5 گھنٹے طویل فضائی کارروائی کا اصل مقصد آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی ایرانی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔

ان حملوں میں جنوبی ایران کے شہر بندر عباس، بوشہر، چاہ بہار، جاسک، کنارک، قشم، ابو موسیٰ اور کیش جزیرے پر قائم ایرانی ساحلی دفاعی نظام، میزائل و ڈرون تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

حملوں کے نتیجے میں بندر عباس کی مسافر پورٹ پر کھڑے 3 بحری جہازوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ خوزستان کے شہر عبادان میں 3 مقامات پر امریکی بمباری سے ان کے 3 اہلکار شہید ہو گئے ہیں، جبکہ امیدیہ اور دیگر علاقوں میں 2 عام شہری جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا ساحلی دفاعی نظام اور ڈرون تنصیبات تباہ کر دیں، امریکی سینٹ کام

اس شدید بمباری کے جواب میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں واقع امریکی پانچویں بحری بیڑے اور الجفیر فوجی اڈے پر "نصر 2” آپریشن کے تحت ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے بڑا حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کے مطابق اس حملے میں امریکی فورسز کی رہائش گاہ، ہتھیاروں کے گودام، پیٹریاٹ ریڈار اور سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز کو تباہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پورے بحرین میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے۔ تاہم بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

اس کے علاوہ ایرانی فوج نے کویت میں قائم امریکی فوجی اڈے پر بھی ڈرون حملے کیے اور پیر کے روز سمندر میں موجود امریکی جنگی بحری جہاز پر کروز میزائل داغے۔

دوسری جانب، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے قریب عمان کی سمندری حدود میں متحدہ عرب امارات کے 2 بڑے آئل سپر ٹینکرز "مومباسا” اور "باہیہ” کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ان جہازوں میں آگ لگ گئی اور عملے کا ایک بھارتی رکن ہلاک جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔

اماراتی وزارتِ دفاع نے اسے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

 

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔