نیوزی لینڈ کا پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا حاصل کرنے کا طریقہ جانیے

How to Get New Zealand Post-Study Visa
نیوزی لینڈ میں تعلیم مکمل کرنے والے بین الاقوامی طلبہ کے لیے پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
اس ویزا کے ذریعے اہل امیدوار اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد نیوزی لینڈ میں زیادہ سے زیادہ تین سال تک رہ سکتے ہیں اور ملازمت بھی کر سکتے ہیں۔ یہی ویزا مستقبل میں مستقل رہائش (ریذیڈنسی) کے حصول کی راہ بھی ہموار کر سکتا ہے، اسی لیے دنیا بھر کے طلبہ اس پروگرام میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔
نیوزی لینڈ امیگریشن کے مطابق پوسٹ اسٹڈی ورک ویزا کی ابتدائی فیس 1670 نیوزی لینڈ ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ موصول ہونے والی تقریباً 80 فیصد درخواستوں پر اوسطاً ساڑھے چار ہفتوں کے اندر فیصلہ کر دیا جاتا ہے۔ اس وجہ سے یہ ویزا ان طلبہ کے لیے ایک پرکشش آپشن سمجھا جاتا ہے جو تعلیم کے بعد بیرون ملک کام کا تجربہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
اس ویزا کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کا حال ہی میں نیوزی لینڈ سے اپنی تعلیم مکمل کرنا ضروری ہے۔ عام طور پر طالب علم کو اپنا اسٹوڈنٹ ویزا ختم ہونے کے بعد زیادہ سے زیادہ تین ماہ کے اندر درخواست دینا ہوتی ہے۔ تاہم پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے یہ مدت چھ ماہ تک بڑھا دی جاتی ہے۔ اگر کسی طالب علم نے پہلی اہل ڈگری کے بعد کم از کم 30 ہفتوں کی مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہو تو بعض صورتوں میں درخواست دینے کی مدت بارہ ماہ تک بھی ہو سکتی ہے۔
اہلیت کے لیے درخواست گزار کے پاس کم از کم 5000 نیوزی لینڈ ڈالر موجود ہونا ضروری ہیں تاکہ وہ اپنے ابتدائی اخراجات پورے کر سکے۔ اس کے علاوہ اچھی صحت، درست سفری مقصد اور امیگریشن قوانین پر پورا اترنا بھی لازمی شرائط میں شامل ہیں۔
تعلیمی قابلیت کے حوالے سے نیوزی لینڈ امیگریشن کا کہنا ہے کہ امیدوار کے پاس کم از کم لیول 7 یا اس سے اعلیٰ ڈگری ہونی چاہیے، جس کے لیے نیوزی لینڈ میں کم از کم 30 ہفتے تک کل وقتی تعلیم حاصل کی گئی ہو۔ اگر کسی امیدوار کے پاس لیول 7 سے کم کی نان ڈگری کوالیفیکیشن ہو تو وہ بھی درخواست دے سکتا ہے، بشرطیکہ اس کی تعلیم حکومت کی منظور شدہ فہرست میں شامل ہو۔ ایسے امیدواروں کو اپنی تعلیم سے متعلق شعبے میں ملازمت کرنا ہوگی۔
لیول 7 یا اس سے زیادہ کی ڈگری رکھنے والے افراد کو زیادہ سہولت حاصل ہوتی ہے۔ وہ نیوزی لینڈ میں تقریباً کسی بھی شعبے میں ملازمت کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے ویزا کے لیے بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، جس سے پورا خاندان ایک ساتھ رہ سکتا ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ بھی کافی آسان رکھا گیا ہے۔ سب سے پہلے طالب علم کو اپنی تعلیمی ڈگری مکمل کرنی ہوتی ہے۔ اس کے بعد پاسپورٹ، تعلیمی اسناد، تصاویر، بینک اسٹیٹمنٹ اور دیگر ضروری دستاویزات تیار کی جاتی ہیں۔ اگر درخواست گزار کی عمر 17 سال یا اس سے زیادہ ہو اور وہ دو سال یا اس سے زیادہ عرصے کے لیے نیوزی لینڈ میں رہنے کا ارادہ رکھتا ہو تو بعض صورتوں میں پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ بھی درکار ہو سکتا ہے۔ انگریزی کے علاوہ کسی دوسری زبان میں موجود دستاویزات کا مصدقہ انگریزی ترجمہ بھی جمع کرانا ضروری ہے۔
تمام دستاویزات مکمل ہونے کے بعد درخواست آن لائن یا کاغذی فارم کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہے اور مقررہ فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔ اگر اس دوران طالب علم کا موجودہ ویزا ختم ہونے کے قریب ہو تو امیگریشن حکام عارضی طور پر عبوری ویزا بھی جاری کر سکتے ہیں تاکہ امیدوار قانونی طور پر نیوزی لینڈ میں قیام جاری رکھ سکے۔ درخواست منظور ہونے پر امیدوار کو ای ویزا (eVisa) جاری کیا جاتا ہے، جس کے بعد وہ قانونی طور پر وہاں ملازمت اور رہائش اختیار کر سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












