بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

عراق میں امریکی فوج کا 23 سالہ قیام ختم، 30 ستمبر تک مکمل فوجی انخلا کا حتمی اعلان کردیا گیا

15 جولائی, 2026 09:47

عراق سے 23 سال بعد امریکی فوج کا مکمل خاتمہ ہونے جا رہا ہے، عراقی وزیر اعظم اور امریکی صدر نے 30 ستمبر تک فوجی انخلا کا حتمی اعلان کر دیا۔

عراق سے امریکی فوج کے مکمل انخلا کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 30 ستمبر تک تمام امریکی فوجی دستے عراق چھوڑ دیں گے۔

یہ اہم اعلان واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عراقی وزیر اعظم علی الزیدی کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز سے تیل کی برآمد سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے بھی نہیں، ایران

ملاقات کے بعد جاری پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ اب ہمیں عراق میں مزید اپنے فوجی دستے رکھنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی، جبکہ انہوں نے عراق کے امریکی تیل کمپنیوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے کاروباری تعلقات کو سراہا۔

اس موقع پر عراقی وزیر اعظم علی الزیدی نے ترجمان کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 30 ستمبر تک امریکی فوجیں عراق کی سرزمین سے مکمل طور پر باہر نکل جائیں گی، جبکہ امریکی تجارتی کمپنیاں عراق کے اندر موجود رہیں گی اور اپنا کام جاری رکھیں گی۔

امریکی محکمہ دفاع نے بھی بیان میں تصدیق کی ہے کہ یہ انخلا عراق کے ساتھ 2024 میں ہونے والے اس معاہدے کے تحت ہو رہا ہے، جس کا مقصد داعش کے خلاف فوجی مشن کا خاتمہ تھا۔

واضح رہے کہ سال 2003 میں صدام حسین کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے شروع کی گئی فوجی جارحیت کے بعد سے اب تک، گزشتہ 23 سال سے امریکی فوج عراق میں موجود تھی اور اس معاہدے کے وقت تقریباً 2500 امریکی فوجی عراق میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔