ریاض میں گیس سلینڈر دھماکہ، 6 پاکستانی جاں بحق

Tragic News From Saudi Arabia
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پیش آنے والے ایک افسوسناک گیس سلینڈر دھماکے میں 6 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے۔
یہ دلخراش واقعہ ریاض کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا، جہاں اچانک گیس سلینڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں میں سے 5 کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ سے ہے، جبکہ ایک شخص پنجاب کا رہائشی تھا۔ حادثے میں جان گنوانے والوں میں محمد سعید، عابد حسین، عبدالرحمان، محمد سفیر اور محمد رستم شامل ہیں، جبکہ ایک متاثرہ شخص کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سعودی عرب میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے فوری طور پر متعلقہ سعودی حکام سے رابطہ کیا۔ سفارتخانہ جاں بحق افراد کی میتوں کی جلد وطن واپسی کے لیے ضروری انتظامات میں مصروف ہے۔ اس کے ساتھ متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت بھی کیا گیا ہے اور ہر ممکن قونصلر معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ رات پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ گیس سلینڈر پھٹنے کے باعث ہوا، تاہم واقعے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ متعلقہ ادارے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












