ہر سعودی حملے کا جواب اب ہوائی اڈے کے بدلے ہوائی اڈہ، بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ ہوگا، انصار اللہ

انصار اللہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اصل مساوات یہ ہو گی کہ صنعا ایئرپورٹ کا بدلہ ریاض ایئرپورٹ سے لیا جائے گا، سعودی حملے کا جواب اب برابری کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی تازہ ترین جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سخت وارننگ جاری کی ہے۔
یمنی کونسل کا کہنا ہے کہ سعودی حملے کا جواب اب برابری کی بنیاد پر دیا جائے گا، جس کا مطلب ہے کہ ہوائی اڈے کے بدلے ہوائی اڈہ، بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ اور محاصرے کے بدلے محاصرے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
یمنی مسلح افواج نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے 13 جولائی کو صنعا ایئرپورٹ پر ہونے والے سعودی حملے کے جواب میں سعودی عرب کے اندر گہرائی میں واقع ابہا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر متعدد بیلسٹک میزائلوں اور خودکش ڈرونز سے کامیاب حملہ کیا ہے اور اس دوران سعودی جنگی طیاروں کا بھی کامیابی سے مقابلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد کو حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا
انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک الحوثی نے اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہا کہ سعودی عرب ابہا پر ہونے والے یمنی جوابی حملے پر سیخ پا ہے حالانکہ یہ ایک انتہائی معمولی جواب تھا، اب اصل مساوات یہ ہو گی کہ صنعا ایئرپورٹ کا بدلہ ریاض ایئرپورٹ سے لیا جائے گا۔
انہوں نے سعودی عرب پر الزام لگایا کہ وہ کئی سالوں سے یمنی عوام کو ان کی خودمختار دولت اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھ کر معاشی بحران میں مبتلا رکھنا چاہتا ہے اور اس سارے عمل میں وہ اسرائیل اور امریکہ کی مکمل غلامی اور تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کر کے دنیا پر واضح کریں کہ یمن آزادی اور عزت کا راستہ کبھی نہیں چھوڑے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











