بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف امریکا میں کارروائی، گرفتاریوں سے عالمی سطح پر تشویش

بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف امریکا سمیت مختلف ممالک میں کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں، جس کے بعد بیرونِ ملک سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کے کردار پر عالمی سطح پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بھارتی جریدے دی ہندو کے مطابق سنگین جرائم میں مبینہ طور پر ملوث بھارتی شہری نتیش کوشل کو امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کی کارروائی میں گرفتار ہونے والا ملزم مبینہ طور پر بھگوان پوریا گروہ سے منسلک تھا، جس پر مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔
ایف بی آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گینڈی کے مطابق بعض بھارتی جرائم پیشہ تنظیمیں بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کے لیے منظم نیٹ ورک استعمال کرتی رہی ہیں اور بعض اوقات کرپٹ عناصر کی مدد حاصل کرتی ہیں۔
دی ہندو کے مطابق بھارتی پنجاب سے شروع ہونے والے بعض جرائم پیشہ گروہوں نے امریکا کی ریاست کیلیفورنیا سمیت دیگر علاقوں میں بھی اپنی سرگرمیاں پھیلانے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف "آپریشن ہارڈ بال” کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
مبصرین کے مطابق بیرونِ ملک منظم جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر جرائم پیشہ نیٹ ورکس سے نمٹنے کے لیے تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکا میں حالیہ گرفتاریوں کے بعد سیکیورٹی ماہرین نے زور دیا ہے کہ سرحد پار جرائم کی روک تھام کے لیے نگرانی، معلومات کے تبادلے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











