جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

امریکا ناقابل بھروسہ ہے، اس کے دستخطوں کی کوئی حیثیت نہیں، سید مجتبیٰ خامنہ ای

19 جولائی, 2026 08:56

سید مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکی وعدہ خلافیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایک ناقابل بھروسہ ملک ہے، جس کے معاہدوں کی کوئی حیثیت نہیں، ایرانی عوام امریکی دشمن کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔

ایران کے رہبر اعلیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی قوم کے نام جاری ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی نے ایک بار پھر واشنگٹن کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی انتظامیہ کے دستخطوں کی اب کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت اور ساکھ باقی نہیں رہی۔

ایرانی رہبر کا کہنا تھا کہ امریکا کا حالیہ جارحانہ رویہ اور وعدوں سے مکر جانا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ تسلط پسندی، سامراجی عزائم اور تشدد امریکی خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے امریکا کو بڑا شیطان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ایک بار پھر اپنا اصل نقاب الٹ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کیا امریکا ایران کے ساحلی جزائر پر مستقل قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے؟

سید مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں ملکی معاملات پر بات کرتے ہوئے عوام سے اتحاد برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ شہری اور سیاسی شخصیات حکومتی کارکردگی پر مخلصانہ تنقید کر سکتی ہیں، جو کہ ایک قومی اثاثہ ہے، لیکن یہ تنقید سماجی اتحاد کو نقصان پہنچانے یا کسی بے گناہ کے ساتھ ناانصافی کا سبب نہیں بننی چاہیے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ملکی دباؤ کے سامنے کسی بھی کمزوری کا مظاہرہ نہ کیا جائے، کیونکہ اگر قوم متحد رہی تو دشمن کے پاس پیچھے ہٹنے اور شکست تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے سابق ایرانی رہبر سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں تاریخی شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا، جو 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہو گئے تھے اور جنہیں 9 جولائی کو مشہد میں دفن کیا گیا تھا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔