چینی کمپنی کی پاکستان کے انفراسٹرکچر شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

چینی کمپنی شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ نے ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کردیا۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے اہم منصوبوں کے لیے نئے اور بہترین مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے شینڈونگ ہائی اسپیڈ گروپ کے چیئرمین شو ژیانگ کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے چینی وفد سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران چینی کمپنی نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور کنیکٹیوٹی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سے گدھے کے گوشت کی 27 ٹن وزنی پہلی کھیپ کامیابی سے چین منتقل
چینی وفد نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں جاری اپنی موجودہ سرمایہ کاری سرگرمیوں کے بارے میں بتایا، جس میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے اشتراک سے حیدرآباد میں جاری تیل و گیس کا اہم منصوبہ بھی شامل ہے۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے چینی وفد کو پاکستان میں روز بروز بہتر ہوتے ہوئے کاروباری ماحول، نوجوان افرادی قوت اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں موجود بہترین مواقع سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ایس آئی ایف سی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے تمام ضروری منصوبوں کے لیے مکمل سہولت اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ایس آئی ایف سی کی اس موثر سہولت کاری کی بدولت پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، صنعتی تعاون میں اضافہ اور پاکستان و چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












