امریکا کے مسلسل دسویں رات ایران پر حملے، ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل دسویں رات بھی فضائی کارروائیاں جاری رکھیں، جبکہ ایران نے جوابی کارروائی میں بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف ایک اور مرحلہ وار آپریشن مکمل کر لیا گیا، جس میں ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس، اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔
سینٹکام کے مطابق اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہ سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مئی کے آغاز سے اب تک امریکی فورسز تقریباً 900 تجارتی جہازوں اور 450 ملین بیرل خام تیل کی محفوظ ترسیل میں معاونت فراہم کر چکی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے آزادانہ تجارتی آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے امریکی فورسز مکمل طور پر مستعد ہیں اور شہری جہاز رانی کے خلاف کسی بھی کارروائی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی بیان کے مطابق بحرین کے شہر محرق میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام، جبکہ رفاع میں نصب پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ تنصیبات، علی السالم ایئربیس پر موجود ایم کیو-9 ڈرون ہینگر اور احمد الجابر ایئربیس کی امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے دو آئل ٹینکروں میں دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










