جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

پینٹاگون نے ایرانی حملوں میں 100 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی

21 جولائی, 2026 11:00

پینٹاگون نے اعتراف کیا ہے کہ 7 جولائی 2026 سے اب تک مختلف کارروائیوں کے دوران 100 کے قریب امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔

پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی ہے کہ 7 جولائی 2026 سے جاری جنگ کے دوران 100 کے قریب امریکی فوجی مختلف نوعیت کے حادثات اور حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ان میں سے 96 فیصد فوجی علاج کے بعد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔ زیادہ تر اہلکاروں کو سر پر ہلکے جھٹکے یا معمولی زخم آئے تھے۔

یہ بیان نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کے جواب میں سامنے آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی محکمۂ دفاع نے ایران کے ساتھ جنگ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تعداد کو چھپایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اردن کے امریکی اڈے پر ایرانی میزائل حملوں میں تباہی کی تفصیلات سامنے آگئیں

سی این این نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ فوج نے معلومات کی فراہمی میں تاخیر کی تھی تاکہ سیکیورٹی خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔

دوسری جانب ایک امریکی سرکاری اہلکار نے بتایا ہے کہ جنگ میں مارے جانے والے 4 امریکی فوجیوں کی لاشوں کو باوقار طریقے سے ڈوور ایئر بیس منتقل کرنے کا عمل بدھ کے روز کیا جائے گا۔

اس سے قبل یہ تقریب منگل کے روز ہونا تھی تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے اعلان کیا کہ اسے ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس تقریب میں خود شرکت کریں گے۔ پینٹاگون پہلے ہی بتا چکا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں اردن کی ملٹری بیس اور شمالی عراق میں 3 امریکی فوجی مارے گئے تھے جبکہ اردن سے ایک لاپتہ فوجی کی باقیات بھی ملی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔