غزہ میں شدید انسانی بحران، اسرائیلی حملوں اور آلات کی کمی کے باعث امدادی کارروائیاں شدید متاثر

فلسطینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور آلات کی شدید کمی کے باعث سول ڈیفنس کی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت صرف 25 فیصد رہ گئی، جس سے انسانی بحران میں اضافہ ہو رہا ہے۔
غزہ کی پٹی میں فلسطینی حکام نے شدید انسانی اور ماحولیاتی بحران کا انتباہ جاری کیا ہے۔ غزہ کی پٹی کے سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر رائد الدہشان نے بتایا کہ غزہ گورنریٹ میں انسانی امداد اور ریسکیو کا کام 25 فیصد سے زیادہ نہیں ہو پا رہا۔
اس کی بنیادی وجہ ایک اہم سول ڈیفنس سنٹر کا بند ہونا، گاڑیوں کی خرابی اور آلات کی شدید قلت ہے۔ الریمال کے علاقے میں واقع سول ڈیفنس سنٹر گزشتہ ایک ماہ سے فائرفائٹنگ اور ایمبولینس گاڑیوں کی خرابی کے باعث معطل ہے، جس سے ایمرجنسی کی صورت میں ٹیموں کی بروقت رسائی ممکن نہیں رہی۔
رائد الدہشان نے بتایا کہ اب تک اسرائیلی حملوں میں 140 سے زائد سول ڈیفنس اہلکار شہید ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی بمباری، 3 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید
ریسکیو اہلکار اکثر اپنے ننگے ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے پر مجبور ہیں کیونکہ گاڑیوں کی مرمت اور اسپیئر پارٹس کی قیمتیں بہت زیادہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے عالمی اداروں اور سیز فائر معاہدے کے ضامنوں سے فوری طور پر گاڑیاں اور ضروری سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ان کے گھروں میں نشانہ بنانا اور جلانا ایک سنگین جرم ہے، جس کا محاسبہ ہونا چاہیے۔
دوسری جانب یونین آف غزہ میونسپالٹیز کے سربراہ اور میئر غزہ یحییٰ السراج نے بتایا کہ پٹی میں چوہوں اور موذی حشرات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر 100 ٹن کیڑے مار ادویات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دیر البلاح میں اس مہم کے آغاز پر بتایا کہ کچرے کی معطلی، ملبے اور تباہ شدہ گاڑیوں کے ڈھیروں کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کے شدید صحت اور ماحولیاتی خطرات جنم لے رہے ہیں۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل سیز فائر معاہدے کی شقوں کے مطابق بھاری مشینری اور امدادی سامان داخل کرنے کی اجازت نہیں دے رہا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












