جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

تعلیمی بے ضابطگیوں اور پیپر لیکس پر نوجوانوں کا احتجاج بھارت بھر میں پھیل گیا

23 جولائی, 2026 11:01

تعلیمی نظام میں بے ضابطگیوں اور پیپر لیکس کے خلاف کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں شروع ہونے والا احتجاج پورے بھارت میں پھیل گیا، پولیس کے بدترین تشدد کے باوجود نوجوان سڑکوں پر موجود ہیں۔

بھارت میں تعلیمی نظام میں بے ضابطگیوں اور پیپر لیکس پر کاکروچ جنتا پارٹی کے تحت شروع ہونے والا احتساب کا مطالبہ اب شدت اختیار کر چکا ہے۔

مودی حکومت کے خلاف دارالحکومت دہلی سے شروع ہونے والے یہ احتجاجی مظاہرے اب بھارت کی تمام ریاستوں تک پھیل چکے ہیں اور نوجوان بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجود ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق کیرالہ، اروناچل پردیش، تمل ناڈو، گوا، گجرات، بہار اور مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں نوجوان احتجاج کر رہے ہیں۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز کے شدید تشدد کے باوجود مظاہرین وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت میں فوج اور پولیس کے تشدد کے باوجود کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج جاری

عالمی جریدے الجزیرہ کے مطابق مظاہرین کی حمایت کرنے پر بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، جس کے خلاف اور طلبہ کے حق میں مختلف بھارتی سیاسی جماعتوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرے کیے ہیں۔

اپوزیشن رہنما پریانکا گاندھی نے فورسز کے مظالم کو آشکار کرتے ہوئے بتایا کہ طلبہ پر بے رحمی سے لاٹھیاں برسائی جا رہی ہیں اور آنسو گیس کے شیل داغے جا رہے ہیں، جبکہ لڑکیوں کے ساتھ نہایت برا سلوک کیا جا رہا ہے۔

رکن پارلیمنٹ ملکارجن کھرگے نے مودی کے طرز حکومت کو آمریت قرار دیا جبکہ کانگریس کے رہنما کے سی وینوگوپال نے کہا کہ حکومت طلبہ پر بربریت کر رہی ہے اور وزیر تعلیم کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کہا ہے کہ تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت میں پُرامن اختلاف رائے کو دبایا جا رہا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔