ہفتہ، 25-جولائی،2026
ہفتہ 1448/02/11هـ (25-07-2026م)

ہم نے ہمیشہ مدد کی، ایران کی پڑوسی ممالک سے کسی قسم کی دشمنی نہیں، ایرانی چیف جسٹس

25 جولائی, 2026 09:10

ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے کہا ہے کہ تہران کی اپنے پڑوسی ممالک سے کسی قسم کی دشمنی نہیں ہے اور ایران نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہمسایہ ممالک کی مدد کی ہے۔

ایرانی چیف جسٹس نے یہ بات عراق کے وزیراعظم علی الزیدی سے تہران میں ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران خطے کے ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور مستقبل میں بھی ضرورت کے وقت اپنے پڑوسیوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

غلام حسین محسنی کے مطابق ایران کی پالیسی کبھی بھی اپنے ہمسایہ ممالک کے خلاف نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ علاقائی تعاون، امن اور باہمی احترام کو ترجیح دی ہے۔

خلیجی ممالک کی جانب مبینہ ایرانی حملوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ایرانی چیف جسٹس نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران صرف امریکی جارحیت کے اصل مراکز یا ان ذرائع کو نشانہ بنا رہا ہے جو خطے میں کشیدگی کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا مقصد پڑوسی ممالک کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اپنی سلامتی اور خودمختاری کا دفاع کرنا ہے۔

عراق کے وزیراعظم علی الزیدی کے دورۂ تہران کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور موجودہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی ہے، جبکہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کو اپنی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ سمجھتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔