ہفتہ، 25-جولائی،2026
ہفتہ 1448/02/11هـ (25-07-2026م)

ہر ایرانی شہید کے بدلے ایک امریکی فوجی کو جہنم واصل کریں گے؛ کمانڈر خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز

25 جولائی, 2026 13:11

ایران کی مسلح افواج نے امریکا کو سخت ردعمل کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی صورت میں اس کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے مشترکہ آپریشنل مرکز خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ اگر ایرانی شہریوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو ہر ایرانی شہید کے بدلے ایک امریکی فوجی کو نشانہ بنایا جائے گا۔

میجر جنرل عبداللہی نے امریکی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میدانِ جنگ میں کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے دوبارہ فوجی کارروائی کی گئی تو ایران اس کا پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گا، جبکہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ایرانی کمانڈر نے مزید کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

میجر جنرل عبداللہی کے بیان پر تاحال امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث خطے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کے راستوں کی صورتحال نے عالمی توانائی منڈیوں پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔