ہفتہ، 25-جولائی،2026
ہفتہ 1448/02/11هـ (25-07-2026م)

سعودی اتحادی افواج کا الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کے عسکری ٹھکانوں پر حملہ

25 جولائی, 2026 09:52

سعودی اتحادی افواج نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔

سعودی اتحادی افواج کے مطابق یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں حوثی ملیشیا سے منسلک فوجی اہداف کے خلاف کارروائی کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے بحیرۂ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے۔

اتحادی افواج نے واضح کیا کہ الحدیدہ بندرگاہ کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور تمام بندرگاہیں جہاز رانی کے لیے کھلی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حوثی ملیشیا کی جانب سے بحری راستوں اور تجارتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں تو مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

اس سے قبل حوثی ملیشیا کے زیرِ انتظام میڈیا ادارے المسیرہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی جنگی طیاروں نے مغربی یمن کے شہر الحدیدہ اور کمران جزیرے پر فضائی حملے کیے ہیں۔

حوثی میڈیا کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ حملوں میں الحدیدہ شہر میں ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم سعودی اتحادی افواج نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یمن میں حوثی ملیشیا اور سعودی اتحادی افواج کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایک روز قبل حوثی ملیشیا سے وابستہ انصاراللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کے دو آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا، کیونکہ ان کے بقول یہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

حوثی ملیشیا نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان بھی کیا تھا۔ انصاراللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد پابندیوں اور صنعا ایئرپورٹ کی بندش کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سعودی اتحادی افواج کا مؤقف ہے کہ یمن میں کیے جانے والے اقدامات کا مقصد خطے میں بحری سلامتی، تجارتی جہاز رانی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔