ہفتہ، 1-اگست،2026
ہفتہ 1448/02/18هـ (01-08-2026م)

امریکی ایف -35 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ

01 اگست, 2026 10:23

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں جدید ایف-35 بی لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا۔

امریکی میرین ایئرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق سنگل سیٹر ایف-35 بی مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے حادثے کا شکار ہوا۔ طیارہ رن وے تک پہنچنے سے کچھ دیر پہلے گر گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

امریکی فوج کے مطابق پائلٹ نے پیراشوٹ کی مدد سے طیارے سے باہر نکلنے میں کامیابی حاصل کی۔ اسے معمولی چوٹیں آئیں، جس کے بعد فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

 

 

حادثے کے بعد طیارے کا ملبہ اطراف میں پھیل گیا۔ گرنے کے نتیجے میں قریبی گھاس میں بھی آگ لگ گئی۔ ایئرپورٹ کے فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ واقعے کے باعث علاقے میں ہنگامی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔

امریکی حکام کے مطابق طیارہ حادثے کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آسکی۔ فوج نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم اس بات کا جائزہ لے گی کہ حادثے سے پہلے طیارے میں کسی تکنیکی خرابی کا سامنا تھا یا کوئی اور وجہ اس واقعے کا سبب بنی۔

ایف-35 بی لائٹننگ ٹو دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ طیارہ جدید جنگی ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اسے خاص طور پر پیچیدہ فوجی کارروائیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ایف-35 بی کی ایک نمایاں خصوصیت عمودی انداز میں لینڈنگ اور ٹیک آف کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایف-35 بی کی قیمت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر ہے۔ یہ جدید لڑاکا طیارہ امریکی میرین کور کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی کی افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔ طیارے میں جدید سینسرز، اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید جنگی نظام موجود ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔