اتوار، 2-اگست،2026
اتوار 1448/02/19هـ (02-08-2026م)

ایران نے کبھی ٹرمپ جیسے صدر کا سامنا نہیں کیا، وہ مذاکرات کیلئے بے تاب ہے، امریکی وزیر خارجہ

02 اگست, 2026 09:55

امریکی وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے حالیہ ملٹری حملوں کے بعد ایران اپنے ایٹمی پروگرام اور آبنائے ہرمز کے معاملات پر مذاکرات کے لیے پہلے سے زیادہ تیار نظر آ رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران نے اپنی پوری تاریخ میں ڈونلڈ ٹرمپ جیسے سخت گیر امریکی صدر کا سامنا نہیں کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی ملٹری حملوں کے بعد اب تہران مذاکرات کی میز پر آنے اور خاص طور پر اپنے ایٹمی پروگرام اور آبنائے ہرمز کے مسائل حل کرنے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر حملہ ہوا تو پورے خطے کو پتھر کے دور میں پہنچا دیں گے، ابراہیم رضائی

امریکی وزیر خارجہ کا دعویٰ تھا کہ امریکی حملوں نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، میزائل دفاعی نظام اور اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں کو تباہ کر دیا ہے اور ان کی دفاعی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ایران کے پاس ابھی بھی کچھ میزائل اور ڈرونز موجود ہیں، جن سے وہ نقصان پہنچا سکتا ہے، لیکن اب ان کے پاس وہ روایتی سیکیورٹی کور نہیں رہا، جس کے پیچھے وہ چھپتے تھے۔ ان کے مطابق اب امریکہ طاقت کے مقام سے گفتگو کر رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے بھی واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جب تک بامعنیٰ مذاکرات شروع نہیں ہوتے، ایران کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران نے برسوں تک جھوٹ بولا اور معاہدوں کو توڑا ہے، لیکن اب اسے نتائج کے بغیر گفتگو کی توقع نہیں رکھنی چاہیے اور ہر صورت مذاکرات کی میز پر واپس آنا ہوگا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔