طالبان حکومت میں افغانستان سے بڑھتی دہشتگردی پر عالمی تشویش، چین کا خطرات سے خبردار

اقوام متحدہ میں چین نے افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر موجود دہشتگرد گروہ اب بھی خطے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
اقوام متحدہ میں چینی نائب مندوب سن لئی نے بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے متعلق اجلاس میں کہا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیموں کی سرحد پار حملوں کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ہمسایہ ممالک سمیت پورا خطہ متاثر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ انسداد دہشتگردی سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے اور افغانستان میں موجود تمام دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کرے۔
چینی نائب مندوب کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنی چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق افغانستان میں موجود بعض دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیاں خطے کے لیے مسلسل سیکیورٹی چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کو محدود کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے دہشتگردی، انتہا پسندی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف واضح اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ سرحد پار عدم استحکام کو روکا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











