ایران کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ، ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں: ایرانی فوج

ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج نے اپنی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور وہ ہر قسم کے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی فوج میدانِ جنگ میں اپنی عملی استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ملکی دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مقامی صلاحیتوں پر انحصار کرتے ہوئے جدید دفاعی سازوسامان فوج میں شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ ہتھیاروں اور جنگی وسائل کو آپریشنل ضروریات کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی تیاریوں کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج ہر صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے مزید کہا کہ جب تک امریکا ایران کے ساحلی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے جاری رکھے گا، ایران کی جانب سے جوابی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔
دوسری جانب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے فوجی، معاشی اور سفارتی تمام ذرائع استعمال کرے گا۔
فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات آسان نہیں کیونکہ وہاں کا نظام مختلف دھڑوں میں تقسیم ہے۔ ان کے مطابق ایرانی قیادت میں ایک حلقہ جنگ کے خاتمے کا خواہاں ہے جبکہ دوسرا گروہ کشیدگی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ صورتحال میں اپنے قومی مفادات کے مطابق مؤثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بہترین ممکنہ نتائج حاصل کرے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











