بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

ایران میں حکومت تبدیلی کے منصوبے کی ناکامی، موساد کے دو سینئر افسران عہدوں سے ہٹا دیے گئے

07 اگست, 2026 12:16

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمان نے ایران میں حکومت کی تبدیلی کے مبینہ ناکام منصوبے سے وابستہ دو سینئر افسران کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق دونوں افسران ایران میں حکومت مخالف تحریک کو فروغ دینے سے متعلق منصوبہ بندی اور حکمت عملی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایک افسر موساد کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ جبکہ دوسرا ایران ڈویژن کی قیادت کر رہا تھا۔ دونوں نے مبینہ طور پر ایک آپریشنل منصوبہ تیار کیا تھا جس کا مقصد ایران کی حکومت کے خلاف اندرونی مزاحمت کو بڑھانا تھا۔

چینل 12 کے مطابق منصوبے میں ایران کی نسلی اور لسانی اقلیتوں، خصوصاً کرد گروہوں کی مدد سے حکومت مخالف سرگرمیوں کو منظم کرنے اور ملک گیر احتجاجی تحریک پیدا کرنے کی حکمت عملی شامل تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ منصوبے میں ایرانی کرد علاقوں میں کارروائیوں کے ذریعے پاسداران انقلاب کے مراکز کو نشانہ بنانے اور کرد جنگجوؤں کے لیے راستہ ہموار کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔

منصوبہ سازوں کا خیال تھا کہ اس کے نتیجے میں ایران کے مختلف علاقوں میں حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر سکتے ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ عملی طور پر کامیاب نہ ہو سکا۔

رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ مبینہ منصوبے میں سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کو دوبارہ سیاسی کردار دینے کی تجویز زیر غور تھی۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بھی اسرائیل کی جانب سے احمدی نژاد سے رابطوں کے دعوے کیے گئے تھے، تاہم احمدی نژاد کے دفتر نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

چینل 12 کے مطابق منصوبے کی تفصیلات منظر عام پر آنے، ترکی کی سفارتی مداخلت اور کرد گروہوں کی ہچکچاہٹ کے باعث امریکا نے مبینہ طور پر اس حکمت عملی کی حمایت سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نئے موساد سربراہ رومن گوفمان اور دونوں افسران کے درمیان پہلے سے اختلافات بھی موجود تھے۔ تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں برطرف نہیں کیا گیا بلکہ تنظیمی تبدیلیوں کے تحت نئی ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں کیے گئے متعدد دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ اسرائیلی حکومت، موساد اور ایرانی حکام نے بھی ان اطلاعات پر باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔

یہ رپورٹس ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں سیکیورٹی اور انٹیلی جنس سرگرمیاں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔