مذاکرات نے امریکا کو ایران سے مفاہمت پر مجبور کیا، ایرانی صدر

Talks Forced US-Iran Reconciliation
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مذاکرات اور سفارتکاری کے نتیجے میں امریکا ایران کے ساتھ مفاہمت کی طرف آنے پر مجبور ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے موجودہ وقت سب سے بہتر ہے۔
تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا کو ایران اور عمان کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا تھا۔ امریکا نے ان ہدایات کی خلاف ورزی کی۔ اسی وجہ سے ایران کو اپنے ردعمل کا فیصلہ کرنا پڑا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایسی صورتحال میں خلاف ورزیوں کے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مسئلے پر کام جاری ہے اور متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنی خودداری اور وقار کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ مذاکرات اور سفارتکاری نے امریکا پر دباؤ بڑھایا ہے۔ اس کے نتیجے میں واشنگٹن ایران کے ساتھ مفاہمت کے راستے پر آنے پر مجبور ہوا ہے۔ معاہدے تک پہنچنے کے لیے موجودہ صورتحال ایک مناسب موقع فراہم کر رہی ہے۔
ایرانی صدر نے امریکا کو مجرم اور استعماری حکومت قرار دیا۔ امریکا کے حوالے سے ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران اپنے قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرے گا۔
مسعود پزشکیان نے ایرانی عوام کو امریکا اور اسرائیل کی ممکنہ حکمت عملی سے بھی خبردار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سمجھ چکے ہیں کہ صرف جنگ کے ذریعے ایرانی عوام کو اپنی بات ماننے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی صدر کے مطابق اب داخلی تقسیم اور اختلافات کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ امریکا اور اسرائیل اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے ملک کے اندر اختلافات، نااتفاقی اور تنازعات کو ہوا دے سکتے ہیں۔
پزشکیان کا کہنا تھا کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اتحاد اور مزاحمت ضروری ہے۔ موجودہ حالات میں ایرانی عوام کو متحد رہنا ہوگا اور دباؤ کے باوجود مزاحمت جاری رکھنا ہوگی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










