آبنائے ہرمز میں پاسدارانِ انقلاب کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے: برطانیہ

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بحری خطرے کی سطح بدستور شدید ہے جبکہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کے خلاف حملوں اور دھمکی آمیز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ آبنائے سے تجارتی بحری آمدورفت کی سطح بدستور کم ہے اور اس وقت صرف چند بحری جہاز اس اہم آبی گزرگاہ سے گزر رہے ہیں۔
تنظیم نے اپنی تازہ ماہانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے حملوں اور ڈرانے دھمکانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں بحری جہازوں سے ریڈیو کے ذریعے رابطہ کرکے ان کی شناخت کرنا، ڈرونز کی پروازیں اور تجارتی جہازوں کی نگرانی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ ایران اہم بحری گزرگاہوں میں اپنی موجودگی برقرار رکھنا اور وہاں سے گزرنے والے بحری جہازوں پر دباؤ قائم رکھنا چاہتا ہے۔
برطانوی ادارے کے مطابق براہِ راست فوجی کارروائیاں بھی جاری ہیں، جن میں بحری جہازوں کے قریب میزائل یا دیگر پرجیکٹائل فائر کرنا اور دھماکے شامل ہیں۔ یہ واقعات عمان کی جانب جانے والے جنوبی بحری راستوں، بالخصوص لیما، خصب اور کمزار کے علاقوں میں پیش آ رہے ہیں۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کے مسلسل خطرے سے بھی خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ خطے میں بحری جہازوں کے لیے خطرے کی سطح بدستور تشویش ناک ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










