ایرانی دھمکی نے ٹرمپ کو خفیہ سفر پر مجبور کردیا؟ ترکیہ سے برطانیہ تک کیا ہوا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ ایرانی دھمکی کے پیش نظر ترکیہ سے برطانیہ تک انتہائی سکیورٹی میں خفیہ فوجی پرواز کے ذریعے سفر کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کو معمول کے مطابق صدارتی طیارے ایئر فورس ون میں سفر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی صدر نے اس کے بجائے ایک دوسرے فوجی طیارے کا انتخاب کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کو شناخت چھپاتے ہوئے ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے خفیہ انداز میں فوجی طیارے سی-32 اے تک منتقل کیا گیا، جبکہ ایئر فورس ون کو بطور ڈیکائے طیارہ استعمال کیا گیا تاکہ صدر کی حقیقی نقل و حرکت کا پتا لگانا مشکل بنایا جا سکے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق صدر کے سفر سے متعلق تفصیلات کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انتہائی خفیہ رکھا گیا۔ اس دوران ٹرمپ کی اصل پرواز اور سفر کے انتظامات کو محدود حکام تک رکھا گیا تاکہ ممکنہ سکیورٹی خطرات سے بچا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون سے اس خفیہ پرواز کے حوالے سے مؤقف جاننے کی درخواست کی گئی، تاہم محکمہ دفاع نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
ٹرمپ کا یہ غیر معمولی سفری انتظام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خطے میں امریکی حکام کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات بھی زیر بحث ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










