ایمریٹس گروپ میں 100 سے زائد ملازمتیں، پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے بھی مواقع

ایمریٹس گروپ نے ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے 100 سے زائد آسامیوں کا اعلان کردیا ہے، جن میں ایوی ایشن اور کارپوریٹ بزنسز کے مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع شامل ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس گروپ کی جانب سے شروع کی گئی بھرتی مہم میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ و مینٹیننس، ایئرپورٹ آپریشنز، لاجسٹکس، ہیومن ریسورسز اور کسٹمر سروس سمیت مختلف شعبوں میں اسامیاں شامل ہیں۔ امیدوار ان ملازمتوں کے لیے گروپ کے کیریئر پورٹل کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
مختلف عہدوں کے لیے پیش کیے جانے والے مراعاتی پیکیج میں ٹیکس فری تنخواہ، فرنشڈ رہائش یا ہاؤسنگ الاؤنس، جامع طبی بیمہ، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے سالانہ ہوائی ٹکٹ، سفری رعایتیں اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
ایمریٹس گروپ کی جانب سے پیش کیے جانے والے پرکشش عہدوں میں پائلٹ کی ملازمت بھی شامل ہے، جس کا سالانہ معاوضہ تقریباً 12 لاکھ درہم بتایا گیا ہے۔ اس پیکیج میں ماہانہ اوسطاً 85 پرواز کے گھنٹوں کی بنیاد پر تقریباً 5 لاکھ 75 ہزار درہم سالانہ نقد تنخواہ بھی شامل ہے۔
پائلٹس کو کمپنی کی جانب سے رہائش، تین بچوں تک تعلیمی الاؤنس، 42 دن کی سالانہ چھٹی، اہل خانہ کے لیے سالانہ بزنس کلاس سفر، ریٹائرمنٹ سیونگز میں شراکت اور جامع انشورنس کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کی کارکردگی سے مشروط سالانہ منافع میں شرکت کا موقع بھی موجود ہے۔
گروپ اپنے نیشنل کیڈیٹ پائلٹ پروگرام کے لیے بھی بھرتی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پروگرام کے دوران زیرِ تربیت امیدواروں کو گراؤنڈ اسکول اور فلائٹ ٹریننگ کے پہلے مرحلے میں ماہانہ 6,365 درہم، ایئرکرافٹ ٹائپ ریٹنگ ٹریننگ کے دوران 18,335 درہم جبکہ لائن ٹریننگ کے مرحلے میں 31,745 درہم ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔
پروگرام مکمل کرنے کے بعد فرسٹ آفیسرز کو مقررہ الاؤنسز سمیت تقریباً 52 ہزار درہم ماہانہ کا پیکیج ملتا ہے۔
کیبن کریو کے لیے بھی پرکشش مراعات کے ساتھ ملازمت کے مواقع دستیاب ہیں۔ کیبن کریو ارکان کو 4,980 درہم ماہانہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ فی پرواز گھنٹہ 69.60 درہم فلائنگ پے دیا جاتا ہے۔ ماہانہ اوسط پرواز کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجموعی آمدنی تقریباً 11 ہزار درہم ماہانہ بنتی ہے۔
اس کے علاوہ کیبن کریو کو رات کے کھانے کے اضافی الاؤنسز، قیام کے دوران ہوٹل میں رہائش اور ایئرپورٹ آمد و رفت کے لیے کمپنی کی جانب سے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










