ایران کی جنگی حکمت عملی میں تبدیلی، پاسداران انقلاب کو دشمن کی سرزمین تک کارروائی کا حکم

ایران نے اپنی فوجی حکمتِ عملی میں جارحانہ صلاحیتوں کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے سینیئر مشیر بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی کے مطابق نئے فوجی ڈاکٹرائن کے تحت پاسداران انقلاب کو ایسی عسکری صلاحیتیں حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن کے ذریعے ضرورت پڑنے پر دشمن کی سرزمین تک کارروائی کی جاسکے۔
ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں رضا نقدی نے کہا کہ پاسداران انقلاب کو اپنی عسکری صلاحیت اس سطح تک لے جانے کا حکم دیا گیا ہے کہ کسی ممکنہ جنگ کو صرف ایرانی حدود تک محدود رکھنے کے بجائے مخالف کے علاقے تک بھی لے جانے کی استعداد موجود ہو۔
انہوں نے کسی مخصوص ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ ایران کی دفاعی حکمتِ عملی میں یہ صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ان کے مطابق پاسداران انقلاب کو اس مقصد کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جاسکے۔
بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے کہا کہ امریکا کا فوجی بجٹ ایران کے دفاعی بجٹ سے تقریباً 100 گنا زیادہ ہے،
تاہم ان کے مطابق حالیہ تنازع کے دوران دشمن کے تمام 14 اہداف ناکامی سے دوچار ہوئے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق نئے فوجی ڈاکٹرائن کا مقصد ایران کو ایسی عسکری پوزیشن میں لانا ہے جہاں وہ صرف اپنے دفاع تک محدود نہ رہے بلکہ ممکنہ جنگ کو مخالف کے علاقے تک لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہو۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












