بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

ایران تباہ ہوچکا، پاسداران انقلاب بھی ختم ہوگئی: ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

13 اگست, 2026 08:25

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیت بری طرح کمزور ہوچکی ہے، ایران کے پاس نہ بحریہ ہے نہ فضائیہ جبکہ پاسداران انقلاب بھی شدید نقصان سے دوچار ہوکر پسپا ہورہی ہے۔

ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے۔

انہوں نے امریکی بحری ناکہ بندی کو ’’فولادی دیوار‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوجیوں کو تنخواہیں نہیں مل رہیں، پاسداران انقلاب شدید نقصان سے دوچار ہوچکی ہے اور اس کے اہلکار فرار ہورہے ہیں۔

ٹرمپ کے مطابق ایرانی قیادت غیر یقینی کا شکار ہے اور ملک کے پاس پیسہ بھی نہیں رہا۔

ٹرمپ نے ایران میں مہنگائی کی شرح 300 فیصد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال مزید خراب ہورہی ہے۔

انہوں نے ایران کو ’’صرف باتیں کرنے والا‘‘ ملک قرار دیا اور بیان کے اختتام پر کہا کہ ایران اب مشرق وسطیٰ کا بدمعاش نہیں رہا، ساتھ ہی ’’اللہ کا شکر ہے‘‘ کے الفاظ بھی استعمال کیے۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران کی فوجی شکست سے متعلق اسی نوعیت کے دعوے کرچکے ہیں۔

جون میں بھی انہوں نے کہا تھا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ’’اب موجود ہی نہیں‘‘ جبکہ ایران کو مکمل شکست دینے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ تاہم اس کے بعد ایرانی جانب سے امریکی افواج کے خلاف مزید کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے ٹرمپ کے دعووں کے بالکل برعکس مؤقف اختیار کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ خلیج فارس میں کوئی امریکی جنگی جہاز موجود نہیں، جبکہ فوجی مشیر محمد رضا نقدی نے کہا کہ حالیہ جنگ میں امریکا اور اسرائیل کے تمام 14 اہداف ناکامی سے دوچار ہوئے۔

ایرانی حکام نے اسی دوران نئی فوجی حکمت عملی کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت پاسداران انقلاب کی جارحانہ صلاحیتیں بڑھانے اور ضرورت پڑنے پر دشمن کی سرزمین تک کارروائی کی استعداد حاصل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

واشنگٹن اور تہران کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کیے جانے والے فوجی دعووں کی مکمل آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ دونوں ممالک کے پاس جنگ کے دوران اپنی کامیابی اور مخالف کی کمزوری ظاہر کرنے کے واضح سیاسی اور عسکری محرکات موجود ہیں۔

ایران کی معیشت بھی امریکی پابندیوں اور جنگ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی اور مہنگائی کے حوالے سے بلند شرحیں رپورٹ ہوتی رہی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔