جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

ایران کے خلاف طویل تعیناتی نے ابراہم لنکن پر حالات سنگین کردیئے، اہلکاروں کی خودکشی کی کوششیں

13 اگست, 2026 10:47

ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے دوران یو ایس ایس ابراہم لنکن کی مسلسل نویں ماہ تک جاری تعیناتی نے جہاز پر موجود تقریباً 5 ہزار امریکی اہلکاروں کی ذہنی صحت اور رہائشی حالات سے متعلق سنگین خدشات پیدا کردیئے ہیں۔

امریکی میڈیا اداروں نیوی ٹائمز اور اسٹارز اینڈ اسٹرائپس کے مطابق جہاز پر متعدد ایسے واقعات سامنے آئے جن میں اہلکاروں نے سمندر میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی، تاہم انہیں بروقت روک لیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن کے عملے نے مسلسل 250 دن تک ساحل پر قدم نہیں رکھا، جو جدید دور میں کسی امریکی طیارہ بردار جہاز کی طویل ترین مسلسل تعیناتیوں میں شمار کیا جارہا ہے۔

گزشتہ ہفتے سان ڈیاگو میں تقریباً 200 اہلخانہ نے امریکی نیوی حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی، جہاں طویل تعیناتی اور اہلکاروں کی ذہنی و جسمانی حالت سے متعلق خدشات براہِ راست حکام کے سامنے رکھے گئے۔

ایک فوجی کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر نے انہیں پیغام بھیجا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اگلے دن بیدار نہ ہوں۔

ایک اور خاتون نے قائم مقام نیوی سیکریٹری ہنگ کاؤ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل تعیناتی نے اہلکاروں اور قیادت کے درمیان اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

نیوی ٹائمز کے مطابق ایک اہلکار کی اہلیہ اینابیل لوما نے بتایا کہ ان کے شوہر نے بار بار تعیناتی میں توسیع کے بعد سمندر میں چھلانگ لگانے کی کوشش کی تھی۔

ایک اور اہلکار کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر نے ایک ساتھی اہلکار کو جہاز سے چھلانگ لگانے سے روکنے کیلئے اسے پکڑ کر ڈیک پر واپس لایا۔

امریکی رکن کانگریس مائیک لیون نے طیارہ بردار جہاز پر موجود حالات پر شدید تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ اہلکاروں کو خراب واش رومز، کئی ہفتوں سے بند لانڈری، طویل عرصے تک گرم پانی کی عدم دستیابی اور محدود خوراک سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

رکن کانگریس جیسن کرو نے بھی کہا کہ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں پر دباؤ ہر گزرتے ہفتے کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔

یو ایس ایس ابراہم لنکن 21 نومبر کو سان ڈیاگو سے روانہ ہوا تھا اور ابتدا میں اسے بحرالکاہل میں تعینات کیا جانا تھا، تاہم امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف تازہ فوجی کارروائیوں کے بعد اسے مغربی ایشیا منتقل کردیا گیا۔

جہاز کی تعیناتی ابتدائی طور پر مئی میں ختم ہونا تھی، تاہم بعد میں اس میں توسیع کردی گئی۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے اس سے قبل جہاز پر خوراک، پانی، پھپھوندی اور لانڈری کی سہولیات سے متعلق شکایات کو "جعلی خبریں” قرار دے کر مسترد کیا تھا۔

مائیک لیون نے ردعمل میں کہا کہ امریکی اہلکار کم از کم گرم پانی، قابل استعمال واش روم اور مناسب کھانے کے مستحق ہیں اور حکام کو اہلکاروں کے خاندانوں کی شکایات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن پر حالات سے متعلق یہ انکشافات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب جہاز پر ایک الگ ہلاکت خیز واقعے کی رپورٹ بھی سامنے آئی، جس میں مبینہ طور پر 7 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔