صدر ٹرمپ کا امریکی ٹیم کو ایران کے ساتھ تمام مذاکرات روکنے کا حکم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتظامیہ کو ایران کے ساتھ تمام تر مذاکرات روکنے اور شدید معاشی پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کر دی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کے اعلیٰ نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تمام تر مذاکرات اور گفتگو کو فوراً روک دیں۔
ایک امریکی اہلکار اور باخبر ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام نے سیاسی اتحادیوں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکا نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے اور اب ایران پر فوری حملوں کے بجائے وقت کے ساتھ معیشت کو کمزور کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی، صدر ٹرمپ
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ فی الحال کوئی بات چیت یا ملاقات طے نہیں ہے، بحری ناکہ بندی مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے جہاں تمام سمندری سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔
اس سے قبل ٹرمپ کی جانب سے مذاکراتی ٹیم جس میں نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کوشنر شامل ہیں، کو گفتگو سے روکنے کی ہدایات دی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ایران کی جانب سے ان کے مطالبات نہ ماننے پر شدید ناراض ہیں اور انہوں نے اپنے مذاکرات کاروں کو اس وقت تک انتظار کرنے کا کہا ہے، جب تک ایرانی قیادت نئی لچک نہ دکھائے۔
امریکی حکام کے مطابق ایران پر جلد ہی کڑی اور نئی معاشی پابندیاں عائد کی جائیں گی جبکہ امریکی عسکری حکام بشمول وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ امریکی افواج ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











