جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

ایران کی جنگی حکمت عملی تبدیل، جنگ کو دشمن کی زمین پر لے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا

20 اگست, 2026 12:43

ایران کی سخت گیر عسکری قیادت نے امریکہ کے خلاف ایک نئی اور جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں دفاع کے بجائے دشمن کی زمین پر حملے شامل ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ شروع کی گئی جنگ کو ختم کرنے میں مسلسل ناکامی کے بعد، تہران کی قیادت نے امریکہ کے خلاف مقابلے کے لیے ایک نئی اور انتہائی جارحانہ عسکری حکمت عملی تشکیل دے دی ہے۔

ایرانی عسکری حکام کے مطابق اس نئی پالیسی کا مقصد محض اپنا دفاع کرنا نہیں بلکہ دشمن کے خطرات کو ختم کرنے کے لیے پیش قدمی اور جارحانہ کارروائیاں کرنا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کی عارضی یادداشت کی مدت ختم ہو چکی ہے اور آبنائے ہرمز کے کنٹرول پر تنازع برقرار ہے۔

ایسے میں ایرانی عسکری ماہرین کا ماننا ہے کہ ایران اس وقت امریکہ سے اپنی شرائط منوانے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔

ایرانی رہبر مجتبیٰ خامنہ ای کے احکامات کے بعد ملک کی سیکورٹی اور عسکری قیادت میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ اس جارحانہ حکمت عملی کو فوری طور پر نافذ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جنگ کے باعث امریکہ کا قومی قرضہ پہلی بار 40 کھرب ڈالر کی تاریخی سطح سے تجاوز کر گیا

ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی کے نئے سربراہ احمد وحیدی اور دیگر اعلیٰ کمانڈروں کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ جنگ کو دشمن کی زمین تک لے جانے کے لیے فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔

ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اب دشمن کی سرزمین پر ہدف بنا کر اور ذہانت سے حملے کیے جائیں گے، جس کے لیے نئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرونز تیار کر لیے گئے ہیں۔

اس نئی حکمت عملی کے تحت خطے میں موجود ایرانی اتحادیوں جیسے یمن کے حوثی اور عراق کی عسکری تنظیموں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ان گروہوں نے گزشتہ چند ہفتوں میں سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات اور شپنگ کو ہدف بنایا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کا مقصد جنگ کے وقت اور جغرافیے کا کنٹرول امریکہ کے ہاتھوں سے نکال کر اپنے ہاتھ میں لینا ہے۔

اس تمام تر صورتحال میں ایران تیل کے آئل ٹینکرز پر دباؤ برقرار رکھنا چاہتا ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بلند رہیں اور امریکہ پر معاشی دباؤ بڑھایا جا سکے۔

عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی قیادت کا ماننا ہے کہ محض بیٹھ کر امریکی حملوں کا انتظار کرنے کے بجائے خود پیش قدمی کرنے میں ملک کا نقصان کم اور فائدہ زیادہ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔