مسلم ممالک اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، ایرانی صدر کی دفاعی اتحاد کی تجویز

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تمام مسلم ممالک کو باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونے اور آپس میں تجارتی روابط بڑھانے کی اپیل کی ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں منعقدہ 40 ویں بین الاقوامی اسلامی وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان اختلافات کے باوجود اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا ہے۔
ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کی جانے والی اپنی تقریر میں ایرانی صدر نے اپنے ملک کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی کمزور پوزیشن میں نہیں ہے اور وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہترین طریقے سے استعمال کرنا جانتا ہے۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ خطے میں جنگ کی شروعات ان کے ملک نے نہیں کی، بلکہ امریکہ اور صیہونی ریاست نے ایران پر جنگ مسلط کی جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف نئی امریکی پابندیاں، سخت ترین دباؤ کی پرانی اور ناکام پالیسی کا اعادہ
انہوں نے ہمسایہ ممالک کی زمین کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کے حوالے سے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسلم ملک اپنے ہمسایوں کی بے امنی میں اپنی سلامتی تلاش نہ کرے، اور نہ ہی کسی مسلم ملک کی سرزمین کو کسی دوسرے مسلم ملک کے خلاف استعمال ہونے دیا جانا چاہیے۔
اکنامک تعاون پر بات کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ دنیا میں مسلم ممالک کی آبادی اور ان کے جغرافیائی و اسٹریٹجک موقع کی اہمیت کے مقابلے میں ان کی معاشی حیثیت کافی کم ہے۔
انہوں نے اسلامک تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک جنوبی مشرقی ایشیا سے لے کر افریقہ تک اہم بحری و بری راستوں، توانائی کے ذخائر، نوجوان آبادی اور ایک بڑی مارکیٹ کے مالک ہیں۔
ایرانی صدر نے بتایا کہ 2024 میں ان تمام مسلم ممالک کی مجموعی معیشت تقریباً 9.2 ٹریلین ڈالرز تھی، جو عالمی معیشت کا صرف 8.3 فیصد بنتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رکن ممالک کی برآمدات کا صرف 19 فیصد حصہ ان کے اپس کے باہمی تجارتی روابط میں رہتا ہے جبکہ بقایا بڑی مقدار بیرون ممالک کو جاتی ہے۔ انہوں نے تمام مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ آپس میں معاشی اور تجارتی تعاون کو تیزی سے فروغ دیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











