آبنائے ہرمز کی بحالی کیلئے ایران پہلا قدم نہیں اٹھائے گا، امریکہ پہلے وعدے پورے کرے، کاظم غریب آبادی

کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز کی آمد و رفت سے متعلق ہونے والے معاہدو ں پر عمل درآمد مکمل طور پر امریکہ کی جانب سے معطل شدہ معاہدوں کی بحالی سے مشروط ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و عالمی امور کاظم غریب آبادی نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے راستے سے تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کے حوالے سے سلطنت عمان کے ساتھ طے پانے والے عبوری التزام کا عمل درآمد خود بخود شروع نہیں ہوگا، بلکہ اس کا تمام تر انحصار امریکہ کی جانب سے اپنے معطل شدہ معاہدوں اور وعدوں کو پورا کرنے پر ہے۔
کاظم غریب آبادی نے ان تمام خبروں کو رد کر دیا، جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران اس بحری راستے کو کھولنے کے لیے پہلا قدم اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ تھا، جس نے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی اور انہیں معطل کیا۔ لہٰذا واشنگٹن کو پہلے اپنے طے شدہ اقدامات کی طرف واپس لوٹنا ہوگا، اور ایران نے ان اقدامات کی فہرست امریکی حکام کے سامنے مکمل طور پر واضح کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز سے تیل کی منتقلی کا امریکی دعویٰ جھوٹا ہے، ایران
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق، ایران نے ہمیشہ اپنا مؤقف صاف رکھا ہے کہ جب بھی امریکہ اپنی تمام شرائط اور معاہدوں پر پورا اترے گا، اسلامی جمہوریہ ایران بھی آبنائے ہرمز کے بارے میں اپنے اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ جون میں پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے یادداشت نامے کی خلاف ورزی بھی امریکہ نے کی تھی، اس لیے امریکہ کی بدعہدی کا خمیازہ ایران نہیں بھگتے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اپنے وعدے پورے نہیں کرتا تو ایران کو بھی آبنائے ہرمز کھولنے کی کوئی جلدی نہیں ہے اور وہ اپنے دفاع اور دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ ایران ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
کاظم غریب آبادی نے ان دعوؤں کو بھی سختی سے مسترد کر دیا کہ کچھ جہاز ایران کی اجازت کے بغیر اس راستے سے گزرے ہیں، اور کہا کہ جو بھی جہاز یہاں سے گزرتا ہے وہ ایرانی مسلح افواج کی مکمل دیکھ بھال اور اجازت سے ہی گزرتا ہے۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے لگائی گئی نئی پابندیوں کو بھی غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران ان سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









