اتوار، 30-اگست،2026
اتوار 1448/03/17هـ (30-08-2026م)

امریکہ اور اسرائیل صرف ایران نہیں، بلکہ تمام مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای کا اتحادِ امت پر زور

30 اگست, 2026 13:34

ایران کے رہبرِ اعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت پوری امت مسلمہ کے کھلے دشمن ہیں، تمام مسائل کا واحد حل مقصد کی ایک ہی سمت، باہمی دوستی اور نیکی کے کاموں میں تعاون میں مضمر ہے۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ہفتہ وحدت کی مناسبت سے ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور غیر قانونی صیہونی حکومت کے حکمران نہ صرف ایران، ایرانی قوم اور اسلامی مزاحمت کے محاذ کے دشمن ہیں بلکہ وہ مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ سمیت پوری امت مسلمہ کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ظالم طاقتوں کی دشمنی سے وہ مسلم حکمران بھی محفوظ نہیں ہیں، جو اس وقت ان کے اتحادی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اسلامی ممالک بالخصوص مغربی ایشیا اور خلیج فارس کے خطے کے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کو پہچانیں، اس کی سازشوں کو سمجھیں اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔

آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل مقصد کی ایک ہی سمت، باہمی دوستی اور نیکی کے کاموں میں تعاون میں مضمر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے 6 ماہ: امریکہ پر انحصار ختم، خلیج میں ایک نیا سیکیورٹی اور دفاعی نظام جنم لینے لگا

ان کا کہنا تھا کہ ظالم طاقتوں نے اب اپنے استعماری اور تسلط پسندانہ مقاصد کے چہرے سے فریب کے تمام نقاب ہٹا دیئے ہیں اور ان کے خونی پنجے پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں۔ اگر مسلمان متحد ہو کر مضبوطی سے کھڑے ہوتے تو آج فلسطینی قوم اتنی بے بس نہ ہوتی اور نہ ہی ان پر غاصبوں کے مظالم اور جرائم ڈھائے جاتے۔

سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ اگر خلیج فارس کے ساحلی ممالک اور ان کی حکومتیں اسلام کے پرچم تلے متحد ہوتیں تو ہزاروں کلومیٹر دور سے آنے والے بدعنوان عناصر کو ان کی زمینوں اور وسائل پر نظریں ڈالنے کی جرات نہ ہوتی۔

رہبرِ اعلیٰ نے کہا کہ ایران کے لوگوں نے باہمی وحدت کی ایک کامیاب مثال قائم کی ہے، جہاں دشمنوں کی سازشیں اثر انداز نہیں ہو سکیں۔ تاہم، بدخواہ ہمیشہ اس نعمت کو چھیننے کی طاق میں رہتے ہیں۔ وہ مسلمانوں کے درمیان نظریاتی، مذہبی، نسلی، ثقافتی، سماجی، معاشی، سیاسی اور جغرافیائی اختلافات کو ابھار کر تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ امت مسلمہ کو ٹکرے ٹکرے کر کے اس کی طاقت کو ختم کریں اور مناسب وقت پر ان پر اپنا تسلط قائم کر سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی عہدے پر موجود جو شخص بھی ایسا کوئی قدم اٹھاتا ہے، جس سے مسلمانوں کے درمیان تفرقہ یا اختلاف پیدا ہو، وہ جانے یا انجانے میں اسلام کے دشمنوں کے مقاصد کو پورا کر رہا ہے۔

انہوں نے مسلمانوں کو باہمی اتحاد، ایک دوسرے کے خلاف تفرقے سے بچنے، کفر کے مقابلے میں ایک دوسرے کے دفاع اور معاشی، سیکیورٹی، علمی اور روحانی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا درس دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہی راستہ آگے چل کر ایک نئی اسلامی تہذیب کے قیام پر منتج ہوگا اور مسلمان قوموں کو ترقی و عزت کی بلندیوں پر پہنچائے گا۔ انہوں نے ایرانی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے اندر تفرقہ یا اختلاف پیدا نہ ہونے دیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔