ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کے پاس گولہ بارود کی کوئی کمی نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے متعلق میڈیا رپورٹس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے پاس گولہ بارود کی کوئی کمی نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی سے متعلق پھیلنے والی خبروں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے میڈیا کی رپورٹس کو سو فیصد جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جاری آپریشن میں امریکا کے پاس لامحدود اور جدید ترین گولہ بارود موجود ہے۔ یہ مقدار موجودہ ملٹری آپریشن یا کسی بھی دوسری ممکنہ جنگ کے لیے درکار ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔
امریکی صدر نے مؤقف اپنایا کہ میڈیا ایران میں امریکی فوجی آپریشن کے حوالے سے غلط اور گمراہ کن معلومات شائع کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکا اس وقت ریکارڈ سطح پر نئے اور جدید جنگی ہتھیار تیار کر رہا ہے جس سے دفاعی پیداوار میں مزید تیزی آ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے کویت اور امارات میں قائم امریکی اڈوں پر میزائل حملے، سیٹلائٹ سسٹمز، ہینگرز اور ریڈارز تباہ کرنے کا دعویٰ
سابقہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین اور نیٹو کو اربوں ڈالر کے مفت ہتھیار فراہم کیے، لہٰذا یورپ کو دیے گئے بائیڈن دور کے تمام فنڈز اب واپس مانگے جائیں گے۔
ایران جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے بڑا دعویٰ کیا کہ انہوں نے فوجی کارروائی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا تھا اور امریکا اس جنگ میں پہلے ہی مکمل کامیابی حاصل کرچکا ہے۔
انہوں نے ایران کے خلاف امریکی اقدامات کو درست قرار دیتے ہوئے اپنی عسکری برتری کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ کو فوری ختم کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
مصنوعی ذہانت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اسے انسانیت کے لیے ایک ممکنہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ اگر مصنوعی ذہانت انسانوں کے خلاف گئی تو اسے فوری طور پر روکنے کا راستہ بھی تلاش کر لیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










