جنوبی لبنان میں اسرائیلی کی بمباری سے اسپتال تباہ، تین افراد شہید

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں بمباری کر کے طبی عملے کے ایک رکن کو شہید کر دیا، جبکہ اسپتال اور سرکاری عمارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
اسرائیلی قابض افواج نے جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ کے قصبے دیر زہرانی میں ایک عمارت کو فضائی نشانہ بنایا۔ یہ حملہ تخلیہ کی دھمکی کے چند منٹ بعد ہی کر دیا گیا۔
نبطیہ کے علاقے میں اتوار کی شب سے شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری کا سلسلہ پیر کی صبح تک مسلسل جاری رہا، جس سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ان حملوں کے دوران کفر رمان میں ایک ایمبولینس پر اسرائیلی حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں طبی عملے کے ایک رکن شہید جبکہ 2 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کی تعمیرِ نو کا منصوبہ مکمل طور پر تیار ہے، امریکی ایلچی جیرڈ کشنر
اس کے علاوہ کفر رمان میں ایک رہائشی عمارت پر ہونے والے حملے کے بعد ملبے سے 10 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، جبکہ مزید لوگوں کی تلاش جاری ہے۔
اسرائیلی توپ خانے نے کفر رمان کے قریب تل الدبشہ پہاڑی پر بھی شدید گولہ باری کی جبکہ کفر رمان کے مضافات میں ایک گاڑی پر ڈرون حملہ کر کے مزید 2 افراد کو شہید کر دیا گیا۔
ان حملوں میں نبطیہ شہر کی مالیاتی وزارت کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ غندور اسپتال مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
لبنانی صدر جوزف عون نے سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سیز فائر معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے امریکا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ان مظالم کو روکنے کے لیے فوری اقدام کریں۔ لبنانی حکام نے واضح کیا کہ یہ حملے نومبر 2024ء کے سیز فائر اور جون کے فریم ورک معاہدے کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












