ہفتہ، 12-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/04/01هـ (12-09-2026م)

حوثی ملیشیا نے باب المندب میں اسٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرے میون پر کنٹرول حاصل کرلیا

12 ستمبر, 2026 09:21

یمن کی حوثی ملیشیا نے باب المندب میں واقع اسٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرے میون پر کنٹرول حاصل کرلیا، جس کے بعد عالمی سطح پر اہم سمندری تجارتی راستے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

یمنی سرکاری ذرائع کے مطابق سرکاری فورسز باب المندب میں واقع جزیرے سے نکل گئی ہیں، جبکہ حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اہم علاقے کے شہر ذباب پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب یمنی سرکاری فوج نے کہا ہے کہ فضائیہ نے پہلے سے اعلان کردہ کِل باکس میں بمباری شروع کردی ہے۔ فوج نے شہریوں کو تعز اور المخا روڈ جبکہ المخا اور ذباب کے راستے استعمال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حوثی وزارت صحت کے مطابق 3 ستمبر سے اب تک سعودی قیادت میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں 82 افراد ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں۔

ادھر ایک امریکی نیوز ویب سائٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حوثی ملیشیا کے خلاف امریکی کارروائی پر زور دیا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ رابطہ کیا اور حوثی ملیشیا سے لاحق خطرے کے پیش نظر کارروائی پر زور دیا۔

امریکی عسکری اور سول حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے کسی نئے محاذ کو کھولنے سے گریز کرنے کا مؤقف اختیار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یمن کی انصار اللہ کے سینئر اہلکار محمد البخیتی نے کہا تھا کہ حوثی ملیشیا نے باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔