افغان طالبان رجیم کیخلاف سرگرم این آر ایف کے حملوں میں بدخشاں میں 3 طالبان اہلکار زخمی ہوگئے

افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف مسلح مزاحمت میں تیزی آنے لگی ہے، طالبان مخالف یونائیٹڈ فرنٹ آف افغانستان نے جنوبی صوبے زابل میں کارروائی کرتے ہوئے ایک طالبان اہلکار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ٹولو نیوز پلس کے مطابق یونائیٹڈ فرنٹ نے جمعہ کو کہا کہ اس کی فورسز نے زابل میں طالبان رجیم کے ایک اہلکار کو نشانہ بنایا۔ گروپ کے مطابق ہلاک ہونے والا اہلکار طالبان کی 205ویں البدر آرمی کور کی تیسری بریگیڈ میں تعینات تھا۔
یونائیٹڈ فرنٹ کی جانب سے طالبان اہلکار کی ہلاکت کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ طالبان رجیم نے بھی فوری طور پر اس کارروائی کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
طالبان مخالف گروپ نے اس سے قبل مشرقی صوبے خوست میں بھی کارروائی کا دعویٰ کیا تھا۔ یونائیٹڈ فرنٹ کے مطابق خوست میں طالبان کی امر بالمعروف و نہی عن المنکر ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔
یونائیٹڈ فرنٹ کی قیادت سابق افغان فوجی کمانڈر سمیع سادات کر رہے ہیں۔ گروپ نے رواں سال اگست میں طالبان رجیم کے خلاف اپنی مسلح کارروائیوں کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان میں مزاحمت تیز کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
گروپ طالبان حکومت کو مسترد کرتے ہوئے افغانستان میں آئینی نظام کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے اور طالبان کے خلاف مسلح مزاحمت کو اپنی جدوجہد کا حصہ قرار دیتا ہے۔
طالبان اگست 2021 میں بین الاقوامی حمایت یافتہ افغان حکومت کے خاتمے اور امریکی و اتحادی افواج کے انخلا کے بعد دوبارہ اقتدار میں آئے تھے۔ اس کے بعد سے طالبان رجیم کو ملک میں انسانی حقوق، سیاسی آزادیوں اور خواتین کے حقوق سمیت مختلف معاملات پر شدید عالمی تنقید کا سامنا ہے۔
حالیہ عرصے میں طالبان مخالف گروہوں کی جانب سے کارروائیوں میں اضافے نے رجیم کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کو نمایاں کردیا ہے۔ زابل اور خوست میں کارروائیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ طالبان مخالف عناصر اپنی مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










