اگر امریکہ نے مشرق وسطیٰ سے انخلا کیا تو دنیا بھر میں توانائی کا شدید بحران پیدا ہو گا، جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے امریکی انخلا سے دنیا بھر میں شدید توانائی کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے لاس اینجلس میں آل اِن سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے امریکی انخلا دنیا بھر میں توانائی کے ایک بڑے بحران کو جنم دے گا کیونکہ ایران کی جانب سے تجارتی جہاز رانی کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ خطے سے پیچھے ہٹ کر مشرق وسطیٰ کے ممالک سے یہ کہہ دے کہ وہ اپنے معاملات خود دیکھیں تو ایران کی جانب سے بحری جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی توانائی منڈیوں پر شدید اثر پڑ سکتا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ بلکل یہی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ معاہدے پر براہ راست بات چیت کررہے ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ابتداء میں امریکہ کو بیرونی تنازعات میں الجھانے سے گریز کرنا چاہتے تھے، تاہم ان کا مؤقف یہ بھی تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جے ڈی وینس کے مطابق بیرونی تنازعات سے دور رہنے کی پالیسی کا مطلب یہ نہیں کہ امریکی عوام کے مقاصد کے حصول کے لیے ضرورت پڑنے پر فوجی طاقت استعمال نہ کی جائے۔
امریکی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام اور روایتی فوجی صلاحیت کو نمایاں نقصان پہنچایا ہے، تاہم ایرانی فورسز امن مذاکرات کے دوران بھی تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کی کوشش ہے کہ ایران کی کارروائیوں کے باوجود عالمی توانائی منڈیوں میں تیل اور گیس کی ترسیل جاری رہے۔
انہوں نے امریکی فوجی موجودگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی جہازوں کی حفاظت اس لیے ضروری ہے کہ عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی سپلائی برقرار رہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











