اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

وہ دور شروع ہوگیا جب امریکی F-35 اور F-15 جنگی طیارے ہمارا شکار بنیں گے، ایران

19 ستمبر, 2026 08:50

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکی جنگی طیارے اب ایرانی کارروائیوں سے محفوظ نہیں رہے اور واشنگٹن کو اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی کانگریس کو پیش کردہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بیان دیا۔

قالیباف نے کہا کہ ایران جنگ کے دوران امریکی F-35 اور F-15 جنگی طیاروں کو پہنچنے والے نقصانات کی اطلاعات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ جنگ کی صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دور شروع ہوچکا ہے جب امریکی F-35 اور F-15 جنگی طیارے ’شکار‘ بنیں گے اور امریکا کو ان کے نقصان کی اطلاع دنیا کو خود دینا پڑے گی۔

محمد باقر قالیباف نے امریکی جنگی طیاروں کو پہنچنے والے نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو چیز پہلے ایک خوفناک خواب تصور کی جاتی تھی، وہ اب روزمرہ کی حقیقت بن چکی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے انسپکٹر جنرل کی جانب سے 14 ستمبر کو جاری کردہ ’آپریشن ایپک فیوری‘ سے متعلق رپورٹ میں 30 جون 2026 تک کی فوجی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف کارروائیوں کے دوران امریکی فوجی آپریشن، اس کے اخراجات، سازوسامان اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں امریکی فوجی وسائل اور ہتھیاروں کی دستیابی سے متعلق بھی مختلف امور کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے بعض نتائج پر امریکی محکمہ دفاع نے اختلاف کیا ہے، جبکہ انسپکٹر جنرل کی رپورٹ میں آپریشن سے متعلق دستیاب معلومات کی بنیاد پر اپنے مشاہدات پیش کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب رائٹرز کے مطابق کانگریشنل بجٹ آفس نے اندازہ لگایا ہے کہ یکم اگست 2026 تک ایران جنگ پر امریکا کے اخراجات 38 ارب ڈالر تک پہنچ چکے تھے، جبکہ امریکی جنگی وسائل اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخائر پر بھی دباؤ پڑا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔