جب تک ٹرمپ اور نیتن یاہو اقتدار میں ہیں، آبنائے ہرمز بند رہے گی، ایران

ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق اپنا سخت مؤقف ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقتدار میں رہنے تک اہم بحری گزرگاہ نہیں کھولی جائے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سیاسی مشیر محمد باقر ذوالقدر نے 200 روزہ مزاحمت کے حوالے سے جاری خصوصی بیان میں یہ بات کہی۔
محمد باقر ذوالقدر نے آبنائے ہرمز کی بندش کو ایران کے انتقام کے پہلے مرحلے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے گزشتہ 200 دن ایرانی عوام کی مزاحمت اور ثابت قدمی کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کئی دہائیوں سے اپنی شناخت، آزادی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے بیرونی طاقتوں کے خلاف کھڑا ہے اور آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
محمد باقر ذوالقدر نے کہا کہ مخالفین کو توقع تھی کہ ایران کو چند روز میں شکست دے دی جائے گی، تاہم ایرانی قوم نے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں جان قربان کرنے والے ایرانی رہنماؤں، میناب اسکول کے بچوں، لامرد کے نوجوانوں، بامپور کے فوجیوں اور جنگی جہاز ’دینا‘ کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آبنائے ہرمز خلیج فارس اور خلیج عمان کے درمیان واقع ایک اہم بحری گزرگاہ ہے اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
ایرانی حکام کے بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایران کے دباؤ اور دفاعی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











