خلیج فارس میں امریکی اقدامات کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، ایران کی روس کو آگاہی

ایران کے وزیرِ خارجہ نے امریکہ کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے خلاف سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں امریکی اقدامات عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو فون کیا اور انہیں خطے کی تازہ ترین صورتحال بالخصوص اسلام آباد میں ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات کے بعد پیدا ہونے والے حالات سے آگاہ کیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق، عباس عراقچی نے دورانِ گفتگو خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان اقدامات کے عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی پانچ سال تک یورینیم کی افزودگی معطل کرنے کی پیشکش، امریکہ نے مسترد کر دی
دوسری جانب، روسی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ سرگئی لاوروف نے ایران اور امریکہ کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔
روسی وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماسکو کا ماننا ہے کہ یہ معاہدہ صرف ایران تک محدود نہیں بلکہ اس کا اطلاق لبنان پر بھی ہونا چاہیے۔
لاوروف نے مزید کہا کہ روس ان تمام مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے ایران کی مدد کے لیے تیار ہے، جو امریکہ اور اسرائیل کی بلا اشتعال جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہوئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












