ایران تنازع میں پھنسی امریکی فوج غیر معیاری اور ڈبہ بند خوراک پر مجبور ہیں، کرسٹوفر ہلالی

محقق کرسٹوفر ہلالی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع میں ٹرمپ انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث امریکی فوج شدید لاجسٹک بحران کا شکار ہو گئی ہے، جہاں سپاہیوں کو معیاری خوراک تک میسر نہیں ہے۔
معروف ماہر تعلیم، محقق اور امریکن کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی سیکریٹری کرسٹوفر ہلالی نے امریکی انتظامیہ کی جنگی حکمت عملی اور فوجی لاجسٹکس کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
روسی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے کام کرنے کے انداز کو پرانے دور کے کاؤ بوائز سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس نہ تو کوئی ٹھوس منصوبہ ہے اور نہ ہی کوئی ڈھانچہ موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی پالیسی محض سوشل میڈیا پوسٹس اور ٹویٹس کے ذریعے چلائی جا رہی ہے اور جیسے جیسے حالات بدل رہے ہیں، ویسے ہی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں۔
کرسٹوفر ہلالی کا کہنا ہے کہ لاجسٹک نظام مکمل طور پر بیٹھ چکا ہے کیونکہ امریکی دستوں کو ایک خطے سے دوسرے خطے میں بغیر کسی مناسب تعاون اور سپورٹ کے تعینات کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کیخلاف تعینات امریکی بحری بیڑوں پر خوراک کا بحران، غیر معیاری کھانا فراہم کیے جانے کا انکشاف
کرسٹوفر ہلالی، جو خود بھی امریکی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں، نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ اس غلط فہمی میں جنگ میں داخل ہوئی تھی کہ ایران بھی وینزویلا کی طرح گر جائے گا، لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس نکلی اور اب واشنگٹن کو اس دلدل سے نکلنے کا راستہ نہیں مل رہا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی فوج اپنے سپاہیوں، ملاحوں اور میرینز کو کھانا کھلانے میں بھی ناکام ثابت ہو رہی ہے، جو کہ دنیا کی عظیم ترین فوج کہلانے والے ادارے کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
بحری جہازوں پر موجود اہلکار انتہائی غیر صحت بخش اور ڈبہ بند خوراک پر گزارا کر رہے ہیں، جس میں مضر صحت کیمیکلز اور نمکیات کی بھرمار ہے۔
کئی اہلکار دس سے گیارہ ماہ سے تعینات ہیں اور اب انہیں دوبارہ مشرق وسطیٰ کی طرف موڑ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے فوج کے اندر حوصلے پست ہو رہے ہیں اور کام میں سستی یا خاموش احتجاج جیسے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔
صورتحال اس قدر ابتر ہے کہ فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ اب انہیں ڈاک کے ذریعے کھانے پینے کے پارسل بھیجنے پر مجبور ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











