بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

طالبان رجیم کو اقوام متحدہ میں افغانستان کی نشست مسلسل چوتھے سال بھی نہ مل سکی

22 اپریل, 2026 11:02

افغان طالبان کی سخت گیر پالیسیوں اور عالمی مطالبات پر عدم عملدرآمد کے باعث افغانستان کو اقوام متحدہ میں مسلسل چوتھے سال بھی سفارتی تنہائی اور ووٹنگ کے حق سے محرومی کا سامنا ہے۔

افغانستان میں برسرِاقتدار طالبان حکومت کی سخت گیر پالیسیوں اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون نہ کرنے کی روش نے ملک کو بدترین سفارتی تنہائی کا شکار کر رکھا ہے۔

اقوام متحدہ میں افغانستان کی مستقل نشست کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اب بھی برقرار ہے اور افغانستان کو مسلسل چوتھے سال بھی جنرل اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان قیادت میں پاکستان مخالف حملوں پر پھوٹ، قندھاری اور حقانی گروپ آمنے سامنے

افغان میڈیا ادارے طلوع نیوز کے مطابق، طالبان حکومت کی ہٹ دھرمی اور عالمی معیارات پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے اقوام متحدہ کی متعلقہ کمیٹی نے اب تک افغانستان کی مستقل نشست طالبان کے نمائندوں کے حوالے کرنے سے گریز کیا ہے۔

طالبان حکومت پر الزام ہے کہ وہ انسدادِ دہشت گردی، اسمگلنگ کی روک تھام اور انسانی حقوق، خصوصاً خواتین کے حقوق جیسے اہم عالمی مطالبات کو اپنا اندرونی معاملہ قرار دے کر مسترد کر رہی ہے۔ اس رویے نے عالمی برادری کو افغانستان سے مزید دور کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ، سالانہ واجبات کی عدم ادائیگی بھی ایک بڑی وجہ ہے، جس کی بنیاد پر افغانستان کو ووٹنگ کے حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ یہ صورتحال طالبان حکومت کے اس دعوے کی نفی کرتی ہے کہ وہ عالمی برادری میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔

سیاسی ماہرین کے مطابق، اقوام متحدہ میں افغانستان کی خالی نشست اور ووٹنگ کے حق سے مسلسل محرومی طالبان حکومت کی سفارتی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کے دور میں افغانستان بطور ریاست عالمی سطح پر بری طرح ناکام ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جس کا براہِ راست خمیازہ افغان عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، جو پہلے ہی معاشی بدحالی اور عالمی پابندیوں کی زد میں ہیں۔

جب تک طالبان اپنی پالیسیوں میں لچک پیدا نہیں کرتے اور عالمی وعدوں کو پورا نہیں کرتے، ان کی سفارتی تنہائی ختم ہونے کے آثار نظر نہیں آتے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔