بنگلہ دیشی بولر ناہید رانا کی پی ایس ایل میں شرکت پر ابہام

پشاور زلمی کے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر ناہید رانا کی پاکستان سپر لیگ میں دوبارہ شرکت فی الحال ورک لوڈ منیجمنٹ اور فٹنس مسائل کی وجہ سے کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔
پشاور زلمی کے ابھرتے ہوئے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر ناہید رانا کی پاکستان سپر لیگ میں دوبارہ شرکت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ناہید رانا نے ابھی تک بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے پی ایس ایل میں دوبارہ شرکت کے لیے لازمی این او سی (عدم اعتراض سرٹیفکیٹ) طلب نہیں کیا ہے۔
ناہید رانا کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ ان کی فٹنس اور ورک لوڈ منیجمنٹ بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی بحران کے دوران پی ایس ایل میچز فلڈ لائٹس میں کروانے پر پی سی بی سے جواب طلب
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے خلاف آنے والی اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے فاسٹ بولر کو مکمل آرام دینا چاہتا ہے تاکہ وہ فٹ رہ کر قومی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔
ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت ناہید رانا کو کرکٹ سے مختصر وقفہ دیا گیا ہے اور ان کی تمام تر توجہ فٹنس کی بحالی پر مرکوز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی بورڈ ناہید رانا کی انجری کے خدشات کے پیش نظر کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتا، یہی وجہ ہے کہ ان کی پی ایس ایل میں واپسی فی الحال غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔
پشاور زلمی کی انتظامیہ ناہید رانا کی دستیابی کے حوالے سے پر امید ہے لیکن حتمی فیصلہ بنگلہ دیشی بورڈ کی اجازت سے مشروط ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











