جمعہ، 24-اپریل،2026
جمعہ 1447/11/07هـ (24-04-2026م)

بجلی بحران کے دوران پی ایس ایل میچز فلڈ لائٹس میں کروانے پر پی سی بی سے جواب طلب

22 اپریل, 2026 11:58

لاہور ہائیکورٹ میں ملک میں جاری بجلی کے بحران کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ کے میچز رات کی بجائے دن کی روشنی میں کروانے کی درخواست پر پی سی بی سے جواب طلب کر لیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں ایک شہری اشبا کامران کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ملک میں جاری شدید بجلی کے بحران کے باوجود پاکستان سپر لیگ کے میچز رات کے وقت فلڈ لائٹس میں کروانے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

جسٹس چوہدری محمد اقبال نے درخواست پر سماعت کی، جس میں وفاقی حکومت، پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزارت پانی و بجلی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ایک طرف حکومت نے بجلی کی بچت کے لیے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر رکھا ہے، جس سے کاروباری طبقہ اور عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف پی ایس ایل میچز کے لیے رات کے وقت فلڈ لائٹس جلا کر بے دریغ بجلی استعمال کی جا رہی ہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل میچز کی لاہور میں واپسی، سخت سیکورٹی پلان تیار

سماعت کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل تنویر اعوان نے درخواست کی مخالفت کی۔ پی سی بی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بورڈ ایک خود مختار ادارہ ہے اور میچز کے لیے واپڈا کی بجلی استعمال نہیں کی جاتی بلکہ جنریٹروں کے ذریعے فلڈ لائٹس جلائی جاتی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر واپڈا کی بجلی کا مسئلہ ہے تو بجلی سپلائی کمپنیوں کو فریق بنائیں، جس پر درخواست گزار نے کہا کہ پی سی بی وفاقی حکومت کے ماتحت ہے اس لیے ان کی ذمہ داری بنتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پی ایس ایل میچز دن کی روشنی میں کروانے کا حکم دے تاکہ بجلی کی بچت ہو سکے اور فلڈ لائٹس پر اخراجات کرنے والوں کے خلاف انکوائری کی جائے۔ عدالت نے پی سی بی کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت پانچ مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔